ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو حکومت کے منہ پر طمانچہ قرار دیا۔ آمنہ بلوچ

کراچی ( اسٹاف رپورٹرز سے ) بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کے آرگنائزر آمنہ بلوچ نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو حکومت کے منہ پر طمانچہ قرار دیا اور کہا کہ رپورٹ حقائق پر مبنی ہے ایمنسٹی انٹرنیشنل کا بیان کردہ واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پولیس اور انٹیلی جنس ادارے پرامن احتجاج کو منتشر کرنے کے لیے غیر ضروری طاقت کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ عمل بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین اور معیارات کی خلاف ورزی ہے۔ آمنہ بلوچ نے کہا کہ حال ہی میں سندھ حکومت نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی سے رابطہ کرکے انہیں مذاکرات کی دعوت دی اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر سندھ کے سینئر وزیر میر شبیر بجارانی نے لواحقین سے ملاقات بھی کی تھی۔ اس ملاقات میں انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ جلد تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائیگا۔ تاہم ابھی تک کسی کی رہائی نہیں ہوسکی۔ انھوں نے کہا کہ کراچی سے لاپتہ افراد کی بازیابی کی جدوجہد ایک پرامن اور جمہوری تحریک ہے۔ حکومت اور ادارے قانون کا احترام کرکے لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کریں۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جمہوری جدوجہد کا احترام کیا جائے۔ اور قانون و آئین کے دائرے میں رہ کر سندھ میں لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنائیں۔ اور ہماری جمہوری اور قانونی تحریک کو دبانے کے لئے طاقت کا استعمال نہ کریں۔ آمنہ بلوچ کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ماورائے قانون کے مرتکب ہورہے ہیں۔ جس سے سندھ میں بھی انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے۔ اس وقت بے شمار افراد سی ٹی ڈی اور وفاقی اداروں کے قید میں ہیں۔ وہ بے گناہ ہیں۔ آپ کو علم ہے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے حالیہ جاری رپوٹ انکشاف کیا تھا کہ پاکستان میں لاپتہ افراد کے لواحقین کو اپنے پیاروں کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج اور مظاہرے کرنے پر دھمکیوں، اور گالی گلوچ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جبکہ بعض اوقات انہیں احتجاج کے دوران تشدد اور گرفتاری کا سامنا کرنا بھی پڑتا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں سال تیرہ جون کو سندھ اسمبلی کے سامنے بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی اور وائس فار مسنگ پرسنز کے تحت دو بلوچ طلباء دودا بلوچ اور غمشاد بلوچ کی گمشدگی کے خلاف سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے پر بلوچ خواتین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیاتھا ۔ سندھ پولیس نے خواتین کو تھپڑ مارے ،اور نوجوان طالب علموں پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post