کوہاٹ (نامہ نگار ) قبائلی ضلع اورکزئی کی سنٹرل تحصیل میں ظلم و بربریت کی اپنی نوعیت کے منفرد واقعہ میں نامعلوم افراد نے 13 سالہ کمسن بچے کو انتہائی بے دردی سے قتل کرکے نعش بلندو بالا پہاڑ پرایک درخت کے ساتھ باندھ دی۔مقامی پولیس نے اطلاع ملنے پر لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردی۔پولیس سٹیشن مشتی میلہ بازار اورکزئی سے حاصل معلومات کے مطابق گزشتہ شام ڈی ایس پی لوئر محبوب خان اور ایس ایچ او نصیب اللہ نے اطلاع ملنے پر پولیس نفری اور مقامی لوگوں کے ہمراہ مشتی بازار کے ملحقہ سیرونی نامی اْونچے پہاڑ پر پہنچ کرایک بچہ کی قتل شدہ نعش برآمدکرلی جسے انتہائی بے دردی کے ساتھ سرپر پتھر مارمار کر اور فائرکرکے قتل کیا گیا تھا جبکہ مقتول کی لاش ایک درخت کے ساتھ باندھ دی گئی تھی۔ پولیس نے مقتول بچہ کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کردی۔پولیس نے بچہ کا نام منان خان ولد تاج ولی خان بتاتے ہوئے فی الوقت اغواء سمیت بچہ کے ساتھ کسی جنسی زیادتی کی تصدیق نہیں کی اورکہاکہ مقتول کے والد کے بیان کے مطابق اس کا بیٹا گزشتہ شب 9 بجے گھر سے لاپتہ ہوگیا تھا۔ پولیس نے مزیدبتایاکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد ہی پتہ چل جائے گا۔پولیس نے مقتول بچہ کے والد کی رپورٹ پر نامعلوم ملزموں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے