کیچ سیکورٹی فورسز کا آپریشن، زیر حراست شخص قتل

پاکستانی سیکورٹی فورسز کا بلوچستان کے ضلع کیچ میں مبینہ آپریشن کے دوران پہلے سے جبری گمشدگی کا شکار ایک شخص کو قتل کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں- پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جانب سے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فورسز نے کیچ کے علاقے بالگتر میں ایک آپریشن کے دوران بلوچ مسلح تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین ارکان کو ہلاک کر دیا ہے جن میں کمانڈر سمیر عرف بحر، کمانڈر الطاف عرف لالک اور کمانڈر پھلان بلوچ شامل ہیں- آئی ایس پی آر کا دعویٰ ہے کہ تینوں افراد پنجگور اور بالگتر سمیت مختلف علاقوں میں فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے اور آئی ایس پی آر نے آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے- آزاد ذرائع سے موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق فورسز کے ہاتھوں آج بالگتر میں قتل ہونے والے الطاف ولد جاڑان کو گذشتہ رات تجابان سے مقامی ڈیتھ اسکواڈ نے اغواء کرلیا تھا – مقامی ذرائع نے بتایا کہ الطاف ولد جاڑان کو سرکاری حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈ میر یعقوب گروپ کے عقیل اور طارق نے اغواء کرکے فورسز کے حوالے کردیا تھا- یاد رہے کہ بلوچستان میں جعلی آپریشنز میں اس سے قبل بھی کئی لاپتہ افراد کو قتل کردیا گیا ہے جبکہ آج بالگتر میں ہونے والے آپریشن میں دیگر دو افراد کی شناخت کے بارے میں مزید تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہے-

Post a Comment

Previous Post Next Post