گوادر ( نامہ نگار ) گوادرمیں پولیس کی جانب سے اسلحہ برآمدگی کے لیے کی گئی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں گزشتہ روز گرفتار کیے گئے دو ملزمان کو پولیس نے جعلی مقابلے میں قتل کردیا ،مگر پولیس کا دعوی ہے کہ گرفتار ملزم عدنان نے دورانِ تفتیش گھٹی ڈھور چوک پر بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور چھپائے گئے اسلحہ کے مقام کے ساتھ اپنے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی گوادر کی سربراہی میں نشاندہی کی بنیاد پر اسلحہ برآمد کرنے کے لیے کارروائی کی گئی، تاہم موقع پر موجود مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ ختم ہونے پر گرفتار ملزم عدنان اور اس کا ساتھی عبداللہ ہلاک پائے گئے، جبکہ دیگر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے دوران بلوچستان کانسٹیبلری سے چھینی گئی دو سرکاری ایس ایم جیز اور ایک رائفل برآمد کر لی گئی ہے۔ برآمد شدہ اسلحہ تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔تاہم آزاد ذرائع کا کہنا ہے دونوں افراد کو پولیس نے جعلی مقابلے میں قتل کردیا ہے ۔