خضدار( نامہ نگار ) 5 جولائی 2026 سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک ذہنی معذور (ابدال) نوجوان کے ساتھ ناروا سلوک، چھیڑ چھاڑ اور غیر اخلاقی رویہ اختیار کرنے والے نوجوانوں کو خضدار پولیس نے گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں چند نوجوان ایک ذہنی معذور شخص کو ہراساں کرتے، اس کے ساتھ بدتمیزی اور غیر انسانی رویہ اختیار کرتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔ ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا گیا۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی کی سخت ہدایات پر ڈی ایس پی محمد عالم لہڑی کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں ملوث تمام نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر حوالات منتقل کر دیا
شہری حلقوں نے خضدار پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی کمزور اور بے سہارا افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے اسی طرح بلاامتیاز اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
