فرنٹ لائن ڈیفنڈرز Front Line Defenders نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور سبغت اللہ کو عمر قید کی سزا کی مذمت کر دی



ڈبلن(مانیٹرنگ ڈیسک ) انسانی حقوق کے عالمی ادارے فرنٹ لائن ڈیفنڈرز نے بلوچستان کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے بلوچ خاتون انسانی حقوق کی کارکن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے رہنما سبغت اللہ کو مبینہ طور پر سنائی گئی عمر قید کی سزا کی شدید مذمت کی ہے۔

ادارے کے مطابق ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور سبغت اللہ پر گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کے سلسلے میں جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے اور انہیں سزا سنائی گئی۔

فرنٹ لائن ڈیفنڈرز نے کہا کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق مقدمے کی سماعت جیل کے اندر کی گئی۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی بہن اور ان کی قانونی ٹیم نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف جاری عدالتی کارروائیوں پر سنگین خدشات کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق جیل ٹرائلز اور ویڈیو لنک کے ذریعے سماعتیں شفافیت، عوامی نگرانی اور منصفانہ ٹرائل کے بنیادی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

ادارے نے ان سزاؤں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور سبغت اللہ کے خلاف تمام الزامات اور سزائیں فوری طور پر واپس لی جائیں۔

فرنٹ لائن ڈیفنڈرز نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ تمام بلوچ انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کرتا ہے۔


Post a Comment

Previous Post Next Post