تربت (پریس ریلیز)نرسنگ کالج تربت کے طلبہ نے اپنے تعلیمی اور رہائشی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
طلبہ کی جانب سے جاری کردہ ایک مطالباتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کالج انتظامیہ نے ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، جس کے باعث طلبہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔ بیان کے مطابق متعدد طلبہ کا تعلق صوبے کے مختلف اضلاع سے ہے اور ان کے پاس تربت میں رہائش کا کوئی متبادل انتظام موجود نہیں، اس لیے گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا جائے تاکہ طلبہ اپنے آبائی علاقوں کو واپس جا سکیں۔
طلبہ کا مؤقف ہے کہ سمر زون میں شامل دیگر سرکاری تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات دی جا چکی ہیں، تاہم نرسنگ کالج تربت کے طلبہ کو تاحال اس سہولت سے محروم رکھا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کالج اور ہاسٹل میں بنیادی سہولیات کی کمی طلبہ کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔ طلبہ کے مطابق ہاسٹل میں دن کے اوقات میں بجلی کی عدم دستیابی، سولر سسٹم کی غیر فعالیت، ٹھنڈے پانی کے لیے صرف ایک ریفریجریٹر کی موجودگی اور صفائی ستھرائی کے لیے عملے کی عدم دستیابی جیسے مسائل درپیش ہیں۔
طلبہ نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث کلاس رومز کا ماحول تدریسی سرگرمیوں کے لیے موزوں نہیں رہا، جس سے تعلیم پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
بیان میں قائم مقام پرنسپل کی انتظامی کارکردگی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
نرسنگ کالج تربت کے طلبہ نے شے حق شہداد، ڈاکٹر افضل خالق، ڈاکٹر وحید بلیدی اور پیرامیڈک ایسوسی ایشن سے اپیل کی ہے کہ وہ طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور متعلقہ حکام تک ان کی آواز پہنچائیں۔
طلبہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے تعلیمی، رہائشی اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بہتر ماحول میں جاری رہ سکیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ مطالبات اور مؤقف طلبہ کی جانب سے جاری کردہ بیان پر مبنی ہیں، جبکہ کالج انتظامیہ کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔
