دشت مکسر میں منشیات کے بڑھتے رجحان پر عوام میں تشویش، انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ

 


تربت ( نامہ نگار ) دشت مکسر، تحصیل دشت، ضلع کیچ میں منشیات کی کھلے عام فروخت اور استعمال میں اضافے پر مقامی آبادی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق دشت مکسر، جو اپنی تاریخی اہمیت، امن پسندی اور مہمان نوازی کے لیے جانا جاتا ہے، اس وقت منشیات کے بڑھتے ہوئے ناسور کا سامنا کر رہا ہے۔ علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ منشیات کا کاروبار روز بروز پھیلتا جا رہا ہے، جس کے اثرات گلی محلوں اور عوامی مقامات پر واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔

عوامی حلقوں کے مطابق سب سے زیادہ تشویشناک پہلو یہ ہے کہ نوجوانوں اور کم عمر بچوں کی ایک تعداد بھی منشیات کے استعمال کی لپیٹ میں آ رہی ہے، جس سے نہ صرف ان کا مستقبل خطرے میں پڑ رہا ہے بلکہ خاندانوں اور پورے معاشرے پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ منشیات کا پھیلاؤ غربت، بے روزگاری، جرائم اور گھریلو مسائل کو جنم دے رہا ہے، جبکہ نوجوان نسل کی تباہی علاقے کے لیے ایک بڑا سماجی چیلنج بنتی جا رہی ہے۔

دشت مکسر کے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف شفاف تحقیقات اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ساتھ ہی نوجوانوں کو اس تباہ کن لعنت سے بچانے کے لیے عملی اقدامات اور آگاہی مہم شروع کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، منتخب نمائندوں، سماجی کارکنوں اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دیں تاکہ دشت مکسر کو منشیات کی لعنت سے پاک کرکے ایک محفوظ اور پرامن معاشرہ بنایا جا سکے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post