کوئٹہ ہزارہ ٹاؤن کے علاقھ سلطان آباد میں مبینہ پولیس سرپرستی میں فحاشی کے اڈے، علاقہ مکینوں کا شدید احتجاج، دھرنا جاری

 


کوئٹہ ( نامہ نگار )
ہزارہ ٹاؤن کے علاقہ سلطان آباد  میں پولیس کی مبینہ سرپرستی میں فحاشی کے اڈے چلنے کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا ہے۔ دھرنے میں بچوں، بزرگوں، اور نوجوانوں سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد بڑی تعداد میں شریک ہیں، جو علاقے میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی، غیر اخلاقی سرگرمیوں اور جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

احتجاجی دھرنا علامہ آصف کی قیادت میں سلطان آباد، ہزارہ ٹاؤن میں دیا جا رہا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقے میں غیر اخلاقی سرگرمیاں کھلے عام جاری ہیں، جن پر پولیس کی خاموشی اور مبینہ سرپرستی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ متعدد بار متعلقہ حکام اور پولیس کو شکایات درج کرائی گئیں، تاہم نہ تو کوئی موثر کارروائی عمل میں لائی گئی اور نہ ہی فحاشی کے اڈے بند کرائے جا سکے۔

دھرنے کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے ہیں جن پر پولیس کے خلاف نعرے درج ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ مبینہ طور پر ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری اور شفاف کارروائی کی جائے، علاقے میں قائم فحاشی کے تمام اڈے بند کرائے جائیں اور ہزارہ ٹاؤن میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے۔

احتجاج کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی جزوی طور پر متاثر ہوئی، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آ سکا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post