دہشت وحشت اور بسنت کا جنون ۔۔تحریر انور ساجدی



جب لاہور میں بسنت کا جشن عروج پر تھا تو ریکوڈک مائنز کے نصف حصے کی مالک کمپنی بیرک گولڈ کے سربراہ نے اعلان کیا کہ تازہ صورت حال کے پیش نظر منصوبے پر سرمایہ کاری روکنے پر غور کیا جا رہا ہے۔شہرہ آفاق نیوز ایجنسی رائٹرز نے خبر دی ہے کہ بیرک گولڈ کے چیف ایگزیکٹو مارک ہل نے بورڈ میٹنگ میں کہا کہ علاقہ میں حال ہی میں جو واقعات ہوئے ہیں ان کی وجہ سے نظرثانی کی ضرورت پیش آ گئی کیونکہ سیکورٹی کے خدشات بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں اجلاس میں یہ کہا گیا کہ کچھ عرصہ کے بعد صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا جس کی روشنی میں نیا فیصلہ کیا جائے گا یہ خبر ایسی ہے کہ اس پر تبصرے کی گنجائش نہیں ہے یہ خبر بذات خود ایک تبصرہ ہے اور دوسری بات یہ ہے کہ تخت لاہور اور تخت اسلام آباد ریکوڈک سے بہت دور ہیں اس لئے یہاں پر جو بھی ہو جیسے بھی واقعات وقوع پذیر ہوں ان کی شدت اور حدت وہاں تک محسوس نہیں کی جا سکتی۔لوگوں کو یاد ہوگا کہ جب میاں محمد شہبازشریف پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے طالبان سے ایک اپیل کی تھی کہ وہ پنجاب کو نشانہ نہ بنائیں یعنی اگر ملک کے باقی حصے دہشت اور وحشت کی زد میں آئیں تو کوئی بات نہیں پنجاب کو نشانہ بنانا ٹھیک نہیں ہے خیر سے اب تو شہبازشریف پورے ملک کے وزیراعظم ہیں اور یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ اس طرح کی دہشت گردی اور سیکورٹی کو چیلنج کرنے والے واقعات کو روکیں اور ان کا سدباب کریں لیکن پاکستان میں یہ قدیم روایت ہے کہ کیس بھی ناخوشگوار واقعہ پر ہی شور شرابا مچایا جاتا ہے تندوتیز بیانات جاری کئے جاتے ہیں جونہی واقعہ پرانا ہو جاتا ہے اور لوگ بھول جاتے ہیں تو سب اچھا ہے کی رٹ شروع کر دی جاتی ہے۔
لاہور میں بسنت کا جشن اس وقت پھیکا پڑ گیا جب داعش نے یا کسی اور تنظیم نے اسلام آباد کے قریب واقع امام بارگاہ میں خودکش دھماکہ کر دیا ابتدائی معلومات کے مطابق خودکش پاکستانی شہری تھا اور افغانستان آتا جاتا تھا غالباً سرحدوں کی بندش سے قبل یہ حملہ آور آتا جاتا ہوگا اب تو کوئی چڑیا بھی داخل نہیں ہوسکتی۔امام بارگاہ پر حملہ دراصل بسنت کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کے مترادف ہے لاہور اور اسلام آباد کے نامور صحافی اور وی لاگرز آج سے اپنے پروگرامز میں طرح طرح کے نقطے اور تاویلات سامنے لائیں گے حال ہی میں مشہورومعروف اور مایہ ناز قوم پرست صحافی جاوید چوہدری نے اپنے وی لاگ میں انکشاف کیا تھا کہ کوئٹہ کے قریب پہاڑ نہیں ہیں اور یہ شہر پہاڑوں سے بہت دور ہے۔1996 کا واقعہ ہے کہ گڈانی میں حبکو پاور کا افتتاح تھا صدر لغاری مہمان خاص تھے اس وقت کے قوم پرست،اسلام پسند اور مشہور صحافی عبدالقادر حسن مرحوم نے ایک کالم لکھا تھا جس میں انہوں نے اطلاع دی تھی کہ صدر کا دعوت نامہ ملا میں بھی چاہتا تھا کہ وہاں جاﺅں اشتیاق یہ تھا کہ حب سے پیدل ٹہلتے ہوئے گوادر نکل جاﺅں جو قریب واقع ہے۔افسوس کہ عبدالقادر حسن کا جانا نہ ہوا ورنہ وہ حب کے قریب گوادر ضرور دریافت کرلیتے۔بی بی سی کا مشہور پروگرام ہے جس میں اینکر لاہور کے شہریوں سے سوالات پوچھ رہے ہیں اور وہ بلوچستان سے لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں۔وجہ وہی ہے کہ بلوچستان لاہور سے بہت دور ہے پسماندہ اور ناکارہ ہے۔اس لئے وہاں کے لوگوں کو اس کے بارے میں جاننے کی کیا ضرورت ہے۔لاہور اسلام آباد تو دور کی بات اگر چھوٹے شہروں گاﺅں اور دیہات کے لوگ تو اس نام سے واقف ہی نہیں ہیں اس کے برعکس وہ امرتسر،جالندھر،لدھیانہ،انبالہ اور دیگر علاقوں سے زیادہ واقف ہیں کیونکہ ان کے روٹس وہاں پر موجود ہیں۔ایک کام یہ ضرورہوا ہے کہ حالیہ افسوسناک واقعات نے نامور صحافیوں اینکر حضرات اور وی لاگرز کو ایک پیج پر لاکر متحد کر دیا ہے اور انہوں نے ایک قومی بیانیہ اپنایا ہے۔گرو حسن نثار سے لے کر جاوید چوہدری،ابصارعالم،رضی دادا اور حامد میر تک ایک ہی لڑی میں پروئے نظر آتے ہیں۔حامد میر تو بہت بڑا انکشاف لے کر آئے کہ ایک اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے لکھا ہے کہ دہشت گردوں کو ہماری حمایت حاصل ہے۔چند دن قبل تک حامد میر ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی گرفتاری اور ان کے خلاف ناانصافیاں اجاگر کر رہے تھے لیکن پلٹا ایسا کھایا کہ کل کلاں یہ کہہ بیٹھیں گے کہ دراصل اسرائیل کا رابطہ ایمان مزاری کے ہی ذریعے تھا۔جذبہ حب الوطنی کی ایسی لہر آئی ہوئی ہے کہ تمام صحافی بسنت اور پتنگ بازی کے گن گانے لگے کیونکہ بی بی مریم یہی چاہتی تھیں۔خوشیوں کے رنگ میں رنگ جانا زندہ دلان لاہور کی پرانی روایت ہے اگر مریم بی بی یہ اعلان کریں کہ ہولی پنجاب کا قدیم تہوار ہے اس لئے یہ منایا جائے گا تو نامورصحافی ہولی کے گن گانا شروع کر دیں گے حال یہ ہے کہ پنجاب کے دانشور اپنے صوبہ کے نام سے ناواقف ہیں۔”پنج آب“ تو فارسی کا لفظ ہے اور یہ نام مغلوں نے یا سینٹرل ایشیا سے آنے والے قبضہ گیروں نے رکھا ۔


(شکریہ روزنامہ انتخاب)

Post a Comment

Previous Post Next Post