تربت(بلوچستان ٹوڈے) شہر کے نواحی علاقے بہمن میں چوری کی مسلسل بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کی فضا پیدا کر دی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے چوری کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔
اہلیانِ بہمن کا کہنا ہے کہ رواں مہینے 10 سے 15 چوریوں کے واقعات ہو چکے ہیں۔ دس روز قبل ہونے والی ایک بڑی واردات میں 2.5 تولہ سونا، لیپ ٹاپ اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی چوری کر لی گئی۔ متاثرہ شہریوں کے مطابق پولیس کو درخواست دینے کے باوجود کوئی خاطرخواہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔
علاقہ مکینوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ رات بھی ایک اور چوری پیش آئی، جس سے لوگوں میں شدید خوف کی فضا برقرار ہے اور رہائشی راتوں کو اطمینان سے سو بھی نہیں پا رہے۔
شہریوں نے تربت پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر فوری توجہ دی جائے اور چوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لا کر عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
