پنجگور ایئرپورٹ روڈ پر مسلح افراد نے غریب مزدور کو لوٹ لیا، کمسن بچے کو بندوق کے زور پر خوفزدہ کیا

 


پنجگور(نامہ نگار ) غریب محنت کش عظمت اللّٰہ ولد حاجی محمد یعقوب، سکنہ خدابادان نے کہا ہے کہ جمعہ کے روز وہ اپنے کمسن بچے کے ہمراہ سوَردو جارہا تھا جہاں اسے سولر پینل نصب کرنے کا کام ملا تھا۔ راستے میں ایئرپورٹ روڈ پر مسلح چوروں نے انہیں روک کر بندوق کی نوک پر ان کا موٹر سائیکل، موبائل فون، نقدی اور قیمتی مشینری و سامان چھین لیا۔

متاثرہ مزدور کے مطابق چوروں نے اس کے بچے کے سر پر بندوق رکھ کر اسے ڈرایا دھمکایا، جس کے باعث بچہ شدید خوف میں مبتلا ہے اور دو دن سے نہ سو پایا ہے نہ کھا پایا ہے۔ عظمت اللّٰہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک دیہاڑی دار مزدور ہے اور یہ سامان اس کے روزگار کا واحد ذریعہ تھا۔ اس واقعے کے بعد ان کے گھر میں شدید خوف و پریشانی کی فضا ہے۔

انہوں نے حکامِ بالا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور لوٹا ہوا سامان واپس دلایا جائے یا نقصان کا ازالہ کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے بچوں کی کفالت کر سکیں۔ متاثرہ مزدور نے کہا کہ اگر ایسے عناصر کو کھلی چھوٹ دی گئی تو کوئی بھی غریب مزدور محفوظ نہیں رہے گا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post