کوئٹہ (بلوچستان ٹوڈے) مچھ کے قریب 18 انچ قطر کی مرکزی گیس پائپ لائن کے مرمت کا کام تین روز گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوسکا، جس کے نتیجے میں کوئٹہ سمیت قلات، مستونگ، پشین اور زیارت میں گیس کی فراہمی بدستور معطل ہے سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس بندش نے ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کے تکنیکی عملے نے پائپ لائن کو گزشتہ روز شام تک بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم پیچیدہ مرمتی کام کے باعث ہدف حاصل نہ کیا جاسکا حکام کا کہنا ہے کہ مچھ کے دشوار گزار علاقے میں کھدائی اور پائپ کی تبدیلی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور امید ہے کہ کام آئندہ 24 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔
گیس معطلی کے باعث کوئٹہ کے سریاب، مشرقی بائی پاس، پشتون آباد اور نواں کلی سمیت متعدد علاقوں میں گھریلو صارفین سخت پریشانی میں مبتلا ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ موسمِ سرما کی یخ بستہ صورتحال میں گیس نہ ہونے کے باعث ہیٹر، گیزر اور چولہے سب بند ہیں اور انہیں متبادل ذرائعِ توانائی پر اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔
ادھر شہریوں نے حکومتِ بلوچستان اور سوئی سدرن گیس کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ مرمتی عمل کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور آئندہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے گیس سپلائی لائنوں کی مستقل نگرانی اور اپ گریڈیشن کا مؤثر نظام وضع کیا جائے۔
