پسنی(پریس ریلیز )پبلک ویلفیئر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن بلوچستان کے صدر پرویز سفر کا ڈیلی گوٹھ کا دورہ
عوام نے صاف پانی، اسکول ٹیچر اور سولر سسٹم کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا.پبلک ویلفیئر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن بلوچستان کے مرکزی صدر پرویز سفر نے آج ڈیلی گوٹھ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر علاقے کے مکینوں نے انہیں اپنے متعدد بنیادی مسائل سے آگاہ کیا۔مقامی افراد نے بتایا کہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے، جس کے حل کے لیے کم از کم 6 چیمبر والی ٹینکی کی فوری ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں، گاؤں کے واحد اسکول میں موجود استاد ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں، جس کے بعد بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نئے اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔عوام نے یہ بھی بتایا کہ علاقے کے چند گھروں کو سولر سسٹم کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ بجلی کی سہولت حاصل کر سکیں۔ ان کے علاوہ دیگر مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جن میں صحت، صفائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔دورے کے دوران معروف سماجی کارکن نودین کریم بھی پرویز سفر کے ہمراہ موجود تھے۔ مقامی لوگوں نے ان کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔پرویز سفر نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل کو متعلقہ حکام اور اداروں تک پہنچایا جائے گا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔