شالکوٹ (بلوچستان ٹوڈے) پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور سرحدی شہر چمن میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور حساس اداروں کے اہلکاروں کو شہر کے اہم داخلی و خارجی راستوں، سرکاری دفاتر، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر تعینات کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، چمن بارڈر پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کے سبب موجودہ صورتحال نہایت حساس ہو چکی ہے۔ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر کوئٹہ میں تھرڈ لیول تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق، دہشت گرد عناصر کی جانب سے اہم تنصیبات اور عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے پیش نظر سیکورٹی اداروں نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔
پولیس اور ایف سی کی مشترکہ کارروائیوں کے تحت کوئٹہ کے مختلف علاقوں، خصوصا پولیس لائن،جناح روڈ ، کبیر بلڈنگ، سیٹلائٹ ٹاﺅن، سریاب، اسپنی روڈ اور ہزارہ ٹاﺅن میں سرچ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران مشکوک افراد کی شناخت اور تلاشی کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے۔
سیکورٹی فورسز نے داخلی اور خارجی راستوں پر جدید اسکیننگ آلات نصب کر دیے ہیں، جبکہ گاڑیوں کی تفصیلی چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق، چمن شہر میں بھی پاک افغان بارڈر پر سخت نگرانی کا نظام قائم کردیا گیا ہے۔ دونوں اطراف آمدورفت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
سیکورٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ ممکنہ خطرات کو بروقت ناکام بنایا جاسکے۔