پنجگور منشیات نے نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، پولیس کے بعض اہلکار بھی ملوث ہیں ،حسن امام شمبے زئی

 


پنجگور (پ ر)پنجگور کے علاقے پروم سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی شخصیت حسن امام شمبے زئی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کا ناسور پنجگور کے سماجی ڈھانچے کو تباہ کر چکا ہے، اور نوجوان نسل ذہنی و سماجی پستی کی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔

انھوں نے الزام عائد کیا ہےکہ منشیات فروشی میں پنجگور پولیس کے بعض کارندے بھی ملوث ہیں جو اس ناسور کی پشت پناہی کرتے ہیں اور منشیات فروشوں سے بھتہ وصول کرتے ہیں۔ ان کے بقول، یہ صورتحال ریاستی و قانونی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے، کیونکہ جنہیں معاشرے سے برائی ختم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہی برائی کی سرپرستی کر رہے ہیں، جو کسی المیے سے کم نہیں۔

حسن امام شمبے زئی نے مطالبہ کیا کہ پولیس میں موجود کالی بھیڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جو منشیات فروشوں کے ساتھ مل کر نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

انہوں نے آخر میں کہا ہےکہ اگر اس ناسور کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو پنجگور کا معاشرہ ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار ہو جائے گا۔ آخر میں انہوں نے تمام ذمہ دار اداروں، بالخصوص پولیس کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ وہ اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں اور عملی اقدامات کریں۔


Post a Comment

Previous Post Next Post