مستونگ ( بلوچستان ٹوڈے )مستونگ سراوان ڈیجیٹل لائبریری سے مستفید ہونے والے طلبہ نے لائبریری میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور انتظامی بے حسی کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس مستونگ کے سامنے احتجاجی دھرنا دے دیا۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ لائبریری میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے، ایئر کنڈیشنرز کی عدم دستیابی سے گرمی کے موسم میں مطالعہ محال ہوچکا ہے، اور انٹرنیٹ سہولت نہ ہونے کے باعث جدید تحقیق اور آن لائن تعلیمی مواد تک رسائی ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید شکایت کی کہ لائبریری میں دستیاب لیپ ٹاپس کو طلبہ کے استعمال کے لیے فراہم نہیں کیا جاتا، جب کہ لائبریری اسسٹنٹ کا طلبہ کے ساتھ غیر پیشہ ورانہ اور توہین آمیز رویہ بھی ایک مستقل مسئلہ بن چکا ہے۔
احتجاجی طلبہ نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور لائبریری میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا، تاکہ علمی ماحول کو فروغ دیا جا سکے اور نوجوانوں کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے ایک سازگار فضا مہیا کی جا سکے۔