مچھ ( مانیٹرنگ ڈیسک )
مچھ کے رہائشی شاہد سمالانی نے اپنے اہل خانہ اور دیگر افراد کے ہمراہ پریس کلب مچھ کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بھائی زاہد سمالانی، جو کہ پولیس میں ملازم ہیں، کو مبینہ طور پر سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے گزشتہ روز ساڑھے چھ بجے کے قریب حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا ہے۔
شاہد سمالانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بھائی ایک سرکاری ملازم ہے، اگر اس پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرِ عام پر لا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انہیں مختلف ذرائع سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان کے گھر پر بار بار چھاپے مارے جا رہے ہیں، جس سے اہلِ خانہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا ہےکہ زاہد سمالانی کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، بصورت دیگر وہ احتجاجاً کوئٹہ-سبی قومی شاہراہ کو بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔