کوئٹہ: بلوچ نیشنلسٹ آرمی بی این اے کے کمانڈر نے نگراں بلوچستان کے وزیر اطلاعات جان اچکزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہتھیار ڈال دینے کا اعلان کیا ۔
سابق بی این اے کمانڈر سرفراز احمد بنگلزئی نے کہا کہ میں کالعدم بی ایل اے سے علیحدگی کا اعلان کررہا ہوں۔سرفراز احمد بنگلزئی نے کہا کہ میں بلوچستان میں محکمہ خوراک میں ملازم رہا، میرے پاس گھر، گاڑی اور سب کچھ تھا، لیکن میں 2009 میں چند لوگوں کے بہکاوے میں آگیا۔
سابق کمانڈر نے کہا کہ میں نے قومیت کے نام پر بہت سی کارروائیاں کیں، لیکن جب میں نے نام نہاد لیڈروں کو عیش کرتے دیکھا تو مجھے پتا چل گیا کہ یہ لوگ ملک دشمن ہیں۔
سرفراز احمد بنگلزئی نے کہاکہ 2014 میں 155معصوم شہریوں کو قتل کیا گیا، بھارت سے پیسے لیکر اپنے ہی لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے، کالعدم تنظیم اپنے مقاصد کے لئے خواتین کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالعدم بی این اے کمانڈرز کو افغانستان میں بنگلے اور گاڑیاں دی گئیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نقصان دونوں طرف ہوا ہے، جن لوگوں کے گھر والے مارے گئے، جنہیں تکالیف پہنچی ہیں، میں ان سے معافی کا طلب گار ہوں۔
سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ ہمیں احساس ہوا کہ ہمارے لیڈر اپنی ذات اور عیش کے لیے سب کچھ کر رہے تھے۔