کراچی : کراچی میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر سے آرتھوپیڈک کی ٹریننگ کر نے والے ڈاکٹر اسماعیل کو سادہ لباس میں ملبوس نامعلوم افراد نے 11 نومبر 2023ء کو انکے گھر سے اغوا کرلیا ہے تاحال اس کی کوئی بھی خبر نہیں ہے، یہ بات ینگ ڈاکٹرز نے جاری بیان میں کہی ہے ۔
انھوں نے کہاہے کہ ڈاکٹر محمد اسماعیل کو انکے گھر سے سادہ لباس میں ملبوس نامعلوم افراد کی طرف سے اغواءکرنے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ڈاکٹروں کی اغواءکاری کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر سے شروع ہوگیا ہے، ڈاکٹروں کی اغواءکاری پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، اسپتالوں میں کانگو اور گھروں سے اغواءکاری، ڈاکٹرز نہ اسپتال میں اور نہ ہی اپنے گھروں میں محفوظ ہیں، ایسے میں اپنی سروسز کیسے جاری رکھ سکتے ہیں؟
ینگ ڈاکٹرز نے کہاہے کہ حکومت ڈاکٹروں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ وفاق، سندھ اور بلوچستان حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ 72 گھنٹوں کے اندر ڈاکٹر محمد اسماعیل کو باحفاظت اپنے گھر واپس پہنچایا جائے وگرنہ بلوچستان کی محکمہ صحت کے دیگر تنظیموں اور وائے ڈی اے سندھ کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے، جس میں سروسز بائیکاٹ سمیت تمام آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
