پنجگور میں بد امنی اور چینی بحران کیخلاف انجمن تاجران کمیٹی کی اپیل پر دکانیں بند



پنجگور انجمن تاجران کمیٹی  کی اپیل پر شہر بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال، مارکیٹ، دکانیں اور بازار بند رہے، سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم۔ شٹر ڈاون ہڑتال کی کال انجمن تاجران کمیٹی نے چینی کی بحران اور چوری و ڈکیتی بد امنی  کی بڑھتی وارداتوں کیخلاف دی تھی۔ 


بعد ازاں تاجران کمیٹی کے صدر فرید نواز نے دیگر تاجروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شٹرڈاوں ہڑتال پنجگور کے لئے چینی لانے پر پابندی اور بازار میں مسلسل ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف کی گئی ہے۔


انہوں نے کہا کہ کراچی سے جو چینی پنجگور کے لئے پرمٹ کے ذریعے لایا جاتا ہے اسے بلوچستان کی حدود میں کسٹم پولیس اور لیویزوالے روک کر تاجر برادری کو ناجائز تنگ کرکے ان سے بھاری رشوت طلب کرتے ہیں نہ دینے پر گاڑیوں کو تین دن تک روک کر پریشان کرتے ہیں اس کی وجہ سے پنجگور میں چینی کا بحران پیدا ہوگیا ہے اور پچاس کلو والا تھیلا 12 ہزار روپے میں بھی بمشکل شہریوں کو دستیاب ہے اور ساتھ میں پنجگور میں تاجرسے ڈیڑھ کروڑ روپے کی ڈکیتی اور تاجروں کی گاڑیاں چھیننے والے ملزمان کی تاحال عدم گرفتاری پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔


انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے جائز مطالبات پر ایکشن نہیں لیا تو بازار کی بندش غیر معینہ مدت تک جاری رکھیں گے جب تک تاجروں کے مسائل حل نہیں کئے جاتے ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post