انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار میں احتجاج پر بیٹھے طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تنظیم کی طرف سے بلوچستان کے مختلف شہروں میں منگل کے روز احتجاج کیا جائے گا یہ بات بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے ترجمان نے جاتی بیان میں بتائی ہے ۔
انھوں نے انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار میں طلباء پر پولیس تشدد ، گرفتاریاں اور پرامن طلباء پر طاقت کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کی بھرپور مذمت کی ہے ۔
ترجمان نے کہاہے کہ بلوچستان کے تعلیمی ادارے انتظامی مسائل سے دوچار ہیں اور جہاں کئی اگر ان انتظامی مسائل کے خلاف طلباء احتجاج کرتے ہیں تو طلباء کو مختلف طریقوں سے ہراس کر کے ان کے خلاف طاقت کا استعمال معمول بن چکا ہے۔
انہوں نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ طلباء تنظیم کی حیثیت سے ہم طلباء کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار کے طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تنظیم بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی سلسلے کا آغاز کرتی ہے۔
ترجمان نے بیان میں کہا ہےکہ کل بروز منگل شام چار بجے شال میں بلوچستان کے مختلف اداروں میں انتظامی بحران اور خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی میں جاری طلباء کے علامتی بھوک ہڑتال کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئےایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔
انھوں نے کہاہے کہ طلباء و طالبات سمیت ہم تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ کل کے احتجاجی ریلی کا حصہ بنیں۔