جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں موسلا دھار بارش کے بعد مسافر بس اور نجی وین پر مٹی کا تودہ گرنے سے 37 افراد ہلاک ہوگئے
،غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق کولمبیا کے پہاڑی علاقے میں سڑک سے گزرنے والی ایک مسافر بس اور نجی وین پر مٹی کا تودہ گرگیا جس کی وجہ سے گاڑیاں ملبے تلے آگئیں جبکہ سڑک مکمل طور پر بند ہوگئی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار اور دیگر شہری فوری طور پر وہاں پہنچے اور بڑی کوششوں کے بعد مٹی کے ڈھیر ہٹا کر متاثرین کو نکالا۔
رپورٹ کے مطابق ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فار نیشنل یونٹ کے سربراہ دیانا رمریز نے کہا کہ 34 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تین شہریوں کو مسافر بس اور 6 افراد کو نجی وین سے زندہ نکالا گیا ہے۔
نیشنل یونٹ فار ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے افسر جاویر پاوا نے کہا کہ آج لینڈ سلائیڈنگ نے اس علاقے میں ماتم برپا کیا ہے اور کل کوئی اور علاقہ اس سے متاثر ہو سکتا ہے کیونکہ ملک میں بہت غیرمستحکم علاقے ہیں اور اوپر سے بارش بھی نہیں رک رہی ہے ۔
سول ڈیفنس کے حکام نے کہا کہ 270 کلومیٹر سفر کرنے والی بس میں 25 مسافر سوار تھے اور جب وہ پہاڑی علاقے سے گزر رہی تھی تو مٹی کا بہت بڑا تودہ اس پر گر گیا۔
کولمبیا کی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ایک بچے کو اپنی ماں کی گود سے زندہ حالات میں نکالا گیا۔
بس سے زندہ بچنے والے ایک مسافر نے کہا کہ بس ڈرائیور نے پہلے لینڈ سلائیڈنگ سے قبل گاڑی کو نکال لیا تھا مگر اس کا ایک حصہ اوپر سے گر رہا تھا اور گاڑی اس سے تھوڑے ہی فاصلے پر تھی اور یوں مٹی کا تودہ گاڑی پر گر گیا۔
حکومت کے مطابق رواں برس اگست میں شروع ہونے والی بارش کولمبیا کی 40 سالہ تاریخ میں تباہ کن ہے۔
حکومت نے غیر معمولی موسمی رجحان سے منسلک بارشوں پر قومی آفت کا اعلان کیا ہے جہاں موسمی تبدیلی سطح کے درجہ حرارت کو ٹھنڈا کر رہی ہے اور دنیا بھر میں خشک سالی اور سیلاب کا باعث بن رہی ہے۔