ہل بلوچستان سی ٹی ڈی کی جعلی مقابلوں اور نام نہاد گرفتاریوں سے واقف ہیں – ماما قدیر بلوچ

پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کے لیے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 4817 ویں روز بھی جاری رہا۔ اس موقع پر مشکے سے سیاسی سماجی کارکنان داد محمد اور الہی بخش کے علاوہ مخلتف مکاتب فکر کے لوگوں نے آکر لواحقین سے اظہار یکجہتی کی۔ علاوہ ازیں تنظیم کے وائس چئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں نام نہاد سی ٹی ڈی نے کئی لاپتہ افراد کو منظر عام پر لاکر ان پر جھوٹے مقدمات قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل بلوچستان سی ٹی ڈی کے نام نہاد گرفتاریوں اور جعلی مقابلوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ پاکستانی خفیہ ادارے سی ٹی ڈی کو استعمال کرکے جنگی جرائم اور انسانیت سوز مظالم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے لوگوں کو اس خونخواروں سے بچانے کے لئے تمام سیاسی اور طلباء تنظیموں کو ملکر لواحقین کا ساتھ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ شب خضدار سے دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ جھوٹ ہے یہ پہلے سے لاپتہ تھے۔ ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے سیاسی مسائل کو حل نہیں کیا جاسکتاہے نہ ہی حل ہونگے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post