حب، خضدار (ویب ڈیسک ) لسبیلہ حب مضافات میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ، لسبیلہ بارش برستے ہی نشیبی علاقوں میں پانی جمع، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔
حب اور گردو نواح میں ایک بار پھر تیز بارش شروع ہوگئی، سیلاب زدہ علاقوں میں دوبارہ سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔
سونمیانی کنراج اور سسئی کے پہاڑی علاقوں میں بھی شدید بارشوں کے باعث وندر ندی اور مومبار ندی میں بڑے سیلابی ریلے آرہے ہیں، جس سے ندی نالوں شدید طغیانی کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
وندر کے نشیبی علاقوں اور وندر ندی نالوں کے قریب کی آبادی کو انتظامیہ نے کہاہے کہ فوری طور پر محفوظ مقامات یا سرکاری اسکولوں کی عمارتوں میں منتقل ہوجائیں۔
خضدار گریشہ میں منگل کی شام آنے والی تیز رفتار ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی اطلاعات کے مطابق گریشہ کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں سولر پینلز فریمز کے ساتھ طوفانی ہواوں نے اکھاڑ پھینکے ہیں،
گریشہ چیل میں محمد یوسف نامی زمیندار کے 60 سے 70 پلیٹ ٹوٹ گئے ہیں اس سے اندازہ لگایا جاسکتاہے کتنے سولر پلیٹ ناکارہ ہونگے ۔
اس کے علاوہ پورے علاقہ میں درجنوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں ۔
علاقہ میں بہت سے بجلی کے کھمبے بھی ٹوٹ کر گر گیے ہیں۔
کئی علاقوں میں کچے کمروں کی چھتوں کو بھی کافی حد تک نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 10 سے 14 اگست تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔
