واٹس ایپ نے یوزرنیم (Username) فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا


امریکہ ( ویب ڈیسک ) واٹس ایپ نے یوزرنیم فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا
دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے نئے یوزرنیم (Username) فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب صارفین اپنا موبائل نمبر ظاہر کیے بغیر بھی ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔
میٹا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صارفین اپنے اکاؤنٹ کے لیے منفرد یوزرنیم منتخب اور محفوظ (Reserve) کر سکیں گے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کی پرائیویسی کو مزید مضبوط بنانا اور نئے افراد سے رابطے کے دوران موبائل نمبر شیئر کرنے کی ضرورت ختم کرنا ہے۔
کمپنی کے مطابق اگر کسی صارف نے یوزرنیم فعال کر رکھا ہو تو پہلی مرتبہ رابطہ کرنے والے افراد کو اس کا فون نمبر نظر نہیں آئے گا، بلکہ وہ صرف یوزرنیم کے ذریعے رابطہ کر سکیں گے۔
واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ یوزرنیم کی کوئی عوامی ڈائریکٹری یا سرچ لسٹ دستیاب نہیں ہوگی، اس لیے کسی صارف سے رابطے کے لیے اس کا درست یوزرنیم معلوم ہونا ضروری ہوگا۔ مزید برآں، صارفین کی حفاظت کے لیے اضافی سیکیورٹی فیچرز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کیا جا رہا ہے، لہٰذا اگر کسی صارف کے اکاؤنٹ میں فی الحال یہ آپشن موجود نہیں تو اسے آئندہ چند ہفتوں یا مہینوں میں دستیاب کر دیا جائے گا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post