زیارت فوج ہاتھوں لاپتہ افراد کے جعلی مقابلے میں مارنے کے خلاف مظاہرہ ہوگا

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹرز سے ) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چئیرمین نصر اللہ بلوچ کے سربراہی میں نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی، بلوچ یکجہتی کمیٹی، بلوچ وومن فورم، بی ایس او اور بی ایس او پجار کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں حالیہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچ لاپتہ افراد کو جعلی مقابلے میں مارنے کی بھر پور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریاست کی جانب سے لاپتہ افراد کو دہشت گرد کہہ کر ان کو شہید کیا گیا ہے حالانکہ یہ تمام لوگ جبری طور پر لاپتہ ہوئے تھے۔ ان کے جبری گمشدگیوں کے ثبوت وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے پاس بھی تھے ۔ اجلاس میں کہاگیاکہ ویسے ہونا یہ چاہیے تھا کہ ریاست اور اس کے ادارے لاپتہ افراد کے مسئلے کو سنجیدہ لے کر حل کرنے کی کوشش کرتے ، مگر حکومتی ادارو‍ں کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کی بجائے ان کو جعلی مقابلے میں شہید کرکے ان کی نعشیں تسلسل کے ساتھ پھینکی جا رہی ہیں ۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ لیا گیا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے لاپتہ افراد کو شہید کرکے نعشیں پھینکنے کے خلاف کل یعنی 21 جولائی کو 12 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، لہٰذا تمام لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کرکے انسان دوستی کا ثبوت دیکر دکھی خاندان کے زخموں پر مرحم رکھیں ،اور ظالموں کو بتادیں کہ ان کے ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ہیں ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post