خواتین و بچوں پر تشدد انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بلوچ یکجہتی کمیٹی

کراچی ( اسٹاف رپورٹرز سے ،ویب ڈیسک ) بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ترجمان نے سانحہ زیارت کے خلاف آج کوئٹہ میں ہونے والے احتجاجی ریلی پر پولیس کی جانب سے شیلنگ، تشدد اور نارواسلوک پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک جانب معصوم اور بےگناہ لوگوں کو جبری طور پر گمشدہ کرکے ان کی لاشیں پھینکی جا رہی ہیں ۔ تو دوسری جانب متاثرہ لواحقین کو احتجاج کرنے کی پاداش میں شدید تشدد اور پولیس کی جبر کا سامنا ہے۔ انھوں نے کہاہے کہ پولیس کی معصوم بچوں و خواتین پر آنسو گیس کی شیلنگ و تشدد انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں جو عرصہ دراز سے بلوچ عوام کے ساتھ جاری و ساری ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ آج کوئٹہ کے احتجاجی ریلی میں پولیس کی آنسو گیس اور تشدد سے کئی خواتین و بچے زخمی و بےہوش ہو گئے۔ انھوں نے کہاکہ کسی بھی جمہوری ریاست میں پرامن شہریوں پر ایسے مظالم ڈھائے نہیں جاتے جبکہ بلوچ عوام کے ساتھ شدید ریاستی جبر کے خلاف ریاست کے تمام ادارے خاموش اور شراکت دار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ جعلی مقابلے میں شہید کیے گئے افراد کے حوالے سے میڈیا کا غلط بیانیہ اور پروپیگنڈا صحافتی بددیانتداری کا واضح ثبوت ہے، میڈیا کو اپنے کردار پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ ترجمان نے زیارت واقعے کی جوڈیشل انکوائری اور جعلی مقابلوں میں لاپتہ افراد کو نشانہ بنانے کے واقعات کی روک تھام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے بھی لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا ہے اور اب اس میں ایک مرتبہ پھر تیزی لائی گئی ہے، انھوں نے اعلا ن کیاہے کہ زیارت واقع کی شفاف تحقیقات اور ان واقعات کی روک تھام کے حوالے سے مکمل یقین دہانی تک کوئٹہ میں احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post