افغانستان کی طالبان حکومت کے مطابق سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوانزادہ کابل میں ہونے والے لویہ جرگہ میں شرکت کر رہے ہیں۔ طالبان امیر عام طور پر عوامی اجتماعات میں شرکت سے گریز کرتے ہیں۔
طالبان حکومت کے عہدیدار بلال کریمی نے 'ٹوئٹر' پر بتایا کہ طالبان امیر جرگے میں شرکت کے لئے اسمبلی ہال میں داخل ہو گئے ہیں۔
افغانستان کی امارات اسلامی حکومت نے کابل میں تین روزہ لویہ جرگہ منعقد کیا ہے جس کا آغاز جمعرات کو ہوا تھا۔ اس جرگے میں افغانستان بھر سے 3000 علماء اور زعما شرکت کر رہے ہیں۔ افغان حکومت نے میڈیا کو اس تقریب کی کوریج کی اجازت نہیں دی۔
ایک طالبان ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ اس تقریب کے دوران طالبان حکومت پر تنقید کی اجازت ہوگی اور متنازعہ موضوعات جیسے لڑکیوں کی تعلیم پر بھی بحث کی جائے گی۔