بساک نصیر آباد زون کا قیام عمل میں لایا گیا۔ آرگنائزر، ڈپٹی آرگنائزر منتخب

اوستہ محمد ( اسٹاف رپورٹرز سے ) بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نصیر آباد زون کا اجلاس زیر صدارت مرکزی چئیرپرسن اور مہمان خاص مرکزی کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر سمیہ بلوچ منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی امور اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔ تنظیمی امور کے ایجنڈے میں مرکزی چئیرپرسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بساک قوم دوستی کے فلسفے پر کاربند رہتے ہوئے بلوچ نوجوانوں کو ترقی پسند تعلیم کی جانب راغب کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ بلوچ طلباء سماج کے موجودہ سیاسی و سماجی ساخت کو سائنسی نقطہ نگاہ سے پرکھتے ہوئے بلوچ شناخت کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انھوں نے کہاکہ نصیر آباد ریجن نے بلوچ قومی جدوجہد میں ہمیشہ سے اہم کردار ادا کیا ہے، نواجوانوں کی بساک میں شمولیت انتہائی خوش آئند عمل ہے۔ چیئرپرسن نے کہاکہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی لسانی، مذہبی، قبائیلی و جنسی تفاریق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی مفادات اور علم کے حصول کے لیے اتحاد و اتفاق کو اولین ترجیع دیتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عملی سیاست کا حصہ بن کر ہم اپنے آج کے تاریخ کو لکھ رہے اور گزشتہ تاریخ کو سمجھ رہے ہوتے ہیں ۔ جبکہ ہمارے سماجی پیچیدگیوں کوسطحی مسائل سے جوڑنے والے کبھی یہ نہیں چاہتے ہے کہ ہم کسی علمی و شعوری راہ کا عملی حصہ بنیں ۔ اس لیے ہمارے سماج میں مصنوعی لیڈروں کو سطحی مسئلوں کے ذریعے سامنے لایا گیا ہے ۔ جن کا بنیادی مقصد حقیقی مسائل کے نشاندہی کے بجائے ہمیشہ سطحی مسئلوں پر نوجوانوں کو الجھائے رکھنا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ یہ شعور کا بہتا چشمہ حقائق کو عیاں کر رہا ہے، لوگ جوک در جوک شعور کا انتخاب کر رہیں ۔ نصیر آباد سے لیکر کراچی تک بلوچ نوجوان سطحی مسئلوں سے نکل کر قومی جدوجہد کا حصہ بن رہے ہیں اور سماج میں تعلیمی عمل کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ تنظیمی امور پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیعہ بلوچ نے کہا کہ تنظیم کو منظم رکھنے کا دارومدار اس امر پر ہے کہ تنظیم کا ہر فرد نظم و ضبط کا پابند ہو۔ تنظیمی اغراض و مقاصد سے اتفاق رکھنے، و تنظیمی دائرہ کو جانتے ہوئے تنظیمی ممبران کے سخت فیصلے تنظیم کو آگے لے جانے کا باعث بنتے ہیں ۔ جس طرح سے تنظیم کے فیصلوں پر اٹل رہنا ایک مثبت عمل ہے اسی طرح تنظیمی میں کسی غیر جمہوری عمل کو تنقید کا نشانہ بنانا بھی اہم ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہی وہ عمل ہے جس سے تنظیم وقت کے لہروں میں بہنے کے بجائے اپنے اصولوں کے ساتھ چلتا ہے۔ آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نصیر آباد ریجن میں تنظیم کو فعال رکھنے اور سیاسی و علمی ماحول کو پروان چڑھانے کے لئے متعدد فیصلے لیے گئے ۔ آخر میں زونل آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ جس میں احسان بلوچ آرگنائزر، مقصود بلوچ ڈپٹی آرگنائزر، اور عدنان بلوچ، اختر بلوچ و مظفر بلوچ آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر منتخب ہوگئے ہیں ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post