بلوچستان کے ضلع بولان میں نامعلوم افراد نے پاکستانی فورسز کو ایک بم حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
حملہ آج صبح پیراسماعیل میں منصور ٹاپ کے علاقے میں پاکستانی فورسز کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے پیدل اہلکاروں پر اس وقت کیا گیا وہ علاقے گشت کررہے تھے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں فورسز کو جانی نقصانات اٹھانے پڑے ہیں تاہم حکام نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیے ہیں۔
گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستانی فورسز پر یہ چوتھا حملہ ہے۔ گذشتہ روز ضلع کیچ میں دو مختلف حملوں میں پاکستانی فورسز کے دو اہلکار ہلاک اور کیپٹن زخمی ہوئے تھے جبکہ گذشتہ رات پنجگور میں نامعلوم افراد نے اینٹی نارکوٹیکس کے تھانے کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا۔
مذکورہ حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے تاہم ان علاقوں میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں۔