اسلام آباد:پاکستان میں کورونا کیسز کا اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک دن میں 8 ہزار 183 نئے کیسزسامنے آگئے۔ مثبت کورونا کیسز کی شرح 11.92 فیصد ہوگئی، ساڑھے تین ماہ بعد ایک دن میں کورونا سے 30 افراد کا انتقال ہوا۔
پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 192 ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 8 ہزار 183 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 2 ہزار 70 ہو گئی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 68 ہزار 624 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 11.92 فیصد رہی۔
سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ 35 ہزار 965، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 89 ہزار 300، پنجاب میں 4 لاکھ 71 ہزار 925 ، اسلام آباد میں ایک لاکھ 23 ہزار 648 ، بلوچستان میں 34 ہزار 187 ، آزاد کشمیر میں 36 ہزار 465 اور گلگت بلتستان میں 10 ہزار 580 ہو گئی ہے۔
اب تک کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 13 ہزار 132 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 7 ہزار 785، خیبرپختونخوا 5 ہزار 989، اسلام آباد 979، گلگت بلتستان 188، بلوچستان میں 367 اور آزاد کشمیر میں 752 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔