باغبانہ میں فائرنگ سے ایک شخص قتل ،ورثا کا لاش کیساتھ روڈ بلاک مظاہرہ

خضدار کے علاقے باغبانہ باجوڑی میں رات گئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے عبدالستار ولد محمد بخش کھیازئی نامی ایک شخص کو قتل کردیا۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ باغبانہ باجوڑی میں گزشتہ رات فائرنگ سے عبدالستار کھیازئی کی قتل کے خلاف ورثا نے آج بروز ہفتہ باغبانہ سمبان کے ایریا میں روڈ بلاک کرکے لاش سڑک پر رکھ کر قاتلوں کے عدم گرفتاری کے خلاف دھرنا دیا۔ خضدار انتظامیہ کی جانب سے اسٹنٹ کمشنر جمیل احمد بلوچ نے مقتول عبدالستار کھیازئی کے ورثاء اور احتجاج پر بیٹھے سیاسی قبائلی عمائدین سے کامیاب مذاکرات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ انشااللہ جلد ہی قاتلوں کوگرفتار کرکے لواحقین کو انصاف فراہم کریں گے اور فوری طور پر علاقے میں لیویز چیک پوسٹ کو دوبارہ بحال کریں گے۔ ورثا نے کامیاب مزاکرات پر روڈ کو عام شاہراہ کیلئے کھول دیا اور لاش کو دفنانے کیلئے لیکر گئے۔ واضح رہے گزشتہ چند روز سے تحصیل باغبانہ میں وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پے درپے وارداتیں ہورہی ہیں، چوری ڈکیتی اور ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ دوروز قبل ڈاکوؤں کے ہاتھوں موٹر سائیکل مالک عبدالسلام غلامانی کو مزاحمت پرفائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ عوام کا جینا محال ہوگیا ہے۔عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر خضدار سے مطالبہ کیا ہے کہ باغبانہ میں رات گشت بڑھادیں اور قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post