اسلا م آباد: ملک بھر میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) نے بلوچستان کے سی این جی اسٹیشنز کو ڈھائی ماہ کیلئےگیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بڑا فیصلہ آگیا ، سوئی سدرن کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موسم سرما میں گھریلو صارفین کی اضافی طلب کو پورا کرنے کے لیے سی این جی سیکٹر کو گیس کی سپلائی معطل کی جارہی ہے۔
وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن)، حکومت پاکستان کے منظور کردہ گیس لوڈ مینجمنٹ کے ترجیحی آرڈر کے مطابق، جس میں گھریلو اور تجارتی صارفین سرفہرست ہیں اور انکو گیس کی فراہمی کے لیے، خاص طور پر بلوچستان کے صارفین کو جو پہلے سے ہی سردیوں کے موسم کا سامنا کر رہے ہیں، بلوچستان کے تمام سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت یکم دسمبر 2021 سے 15 فروری 2022 تک انکو گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔
تاہم تمام عام صنعتوں، زیرو ریٹیڈ ایکسپورٹ انڈسٹریز بشمول اسکے کیپٹیو پاور پلانٹس اور فرٹیلائزر سیکٹر کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔ ان انتظامات سے حاصل ہونے والی گیس کو گھریلو صارفین کو فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ سردیوں کے موسم کے تناظر میں اپنی گیس کے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کر سکیں۔
سوئی سدرن کمپنی کاکہنا ہےکہ بلوچستان میں انسانی جانوں کی بقا کے لیے اضافی گیس کی فراہمی ناگزیر ہے کیونکہ گیس ان لوگوں کے لیے لائف لائن کا کام کرتی ہے جنہیں انتہائی کم درجہ حرارت میں گیس کے مختلف آلات کے ذریعے خود کو گرم رکھنے کی شدید ضرورت ہوتی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے اس معاملے پر سی این جی سیکٹرسے تعاون کی بھی درخواست کی ہے ۔