تمپ ( نامہ نگار ) بلوچستان کے علاقے تمپ میں گزشتہ شب پاکستانی فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ کی جانب سے مختلف گھروں پر چھاپوں کے دوران نقدی، سونا، گاڑیاں اور دیگر قیمتی سامان اپنے ساتھ لے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ اسی دوران وہاب ولد فقیر محمد کو بھی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق رات کی تاریکی میں مختلف گھروں پر چھاپے مارے گئے، جہاں اہلِ خانہ کو خوف و ہراس کا سامنا کرنا پڑا۔ چھاپوں کے دوران گھروں میں موجود نقدی، طلائی زیورات، گاڑیوں اور دیگر قیمتی اشیاء کو اپنے ساتھ لے جانے کا الزام ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وہاب ولد فقیر محمد کو بھی ان کے گھر سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، جس کے بعد سے ان کے اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
علاوہ ازیں
تربت کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں عائشہ مسجد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہوشاپ کا رہائشی دوشمبے ولد سعید لانٹو نامی سرکاری آلہ کار ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتول ایک دکان کے سامنے خریداری میں مصروف تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے اسے نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
دوسری جانب موصولہ اطلاعات کے مطابق مقتول دوشمبے ولد سعید لانٹو کو ڈیتھ اسکواڈ کا اہم رکن بتایا جا رہا ہے۔
پولیس نے لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا ہے، تاہم واقعہ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔

