تربت ( نامہ نگار) ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے بالیچاہ کے پہاڑی علاقے لتھم میں گزشتہ روز پاکستانی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے چار نوجوانوں کی نمازِ جنازہ ہفتے کی صبح بالیچاہ تلوکان میں ادا کر دی گئی، جس میں بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے چاروں نوجوانوں سمیت چھ افراد پکنک منانے کے لیے پہاڑی علاقے میں گئے تھے، جہاں جمعہ کی دوپہر انہیں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ خاندان کا کہنا ہے کہ واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے، جو تاحال پاکستانی فورسز کی تحویل میں ہیں۔
دوسری جانب سرکاری مؤقف کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کو مشتبہ شدت پسند قرار دیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
جبکہ اہلِ علاقہ نے پاکستانی فوج کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ جاں بحق افراد کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا، انہیں بے گناہ مارا گیا ہے۔
عوامی حلقوں نے پاکستانی فورسز کے جھوٹے بیانیے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
