پیشکان میں بوسیدہ بجلی کی تار گرنے سے مزدور جاں بحق، مکینوں کا کیسکو کیخلاف احتجاج


گوادر( نامہ نگار) ضلع گوادر کے ساحلی علاقے پیشکان میں گھر کے اندر سے گزرنے والی بوسیدہ بجلی کی تار گرنے سے ایک غیر مقامی مزدور کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہوگیا، جبکہ واقعے کے بعد علاقے کے مکینوں نے کیسکو کی مبینہ غفلت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور بجلی کے بوسیدہ نظام کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ پیر کی علی الصبح پیش آیا، جب مزدور اپنے رہائشی کمرے کے باہر موجود تھا کہ اچانک چھت کے اوپر سے گزرنے والی خستہ حال بجلی کی تار ٹوٹ کر اس پر آ گری۔ کرنٹ لگنے کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پیشکان میں اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ ان کے مطابق کچھ عرصہ قبل پیشکان بازار میں بھی بوسیدہ بجلی کی تار گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا تھا۔

اہلیانِ پیشکان کا کہنا ہے کہ کئی برسوں سے گھروں کے اندر سے گزرنے والے بجلی کے کھمبے اور تاریں انتہائی خستہ حال ہیں اور علاقائی نمائندے متعدد بار کیسکو حکام، ایم پی اے گوادر اور ڈپٹی کمشنر گوادر کو اس سنگین مسئلے سے آگاہ کر چکے ہیں، تاہم اب تک مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ عوامی شکایات کے باوجود بجلی کے نظام کو محفوظ بنانے میں غفلت برتی گئی، جس کے باعث یہ جانی نقصان پیش آیا۔

اہلیانِ پیشکان نے ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، جاں بحق مزدور کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے، گھروں کے اندر سے گزرنے والی بجلی کی تنصیبات کو ہنگامی بنیادوں پر متبادل مقامات پر منتقل کیا جائے اور تمام بوسیدہ کھمبوں اور تاروں کی جگہ نئی تنصیبات نصب کی جائیں تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post