بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فورسز پر حملہ متعدد اہلکار ھلاک ،دو راہ گیر زخمی ،پولیس نے ایک شخص کو قتل کردیا

 


کوئٹہ ( نامہ نگار ) تربت میں مولانا عبدالحق چوک کے نزدیک فورس کی چوکی پر دستی بم پھینکا گیا جس کی زد میں آکر دو افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے دہماکہ کی تصدیق کی ہے، پولیس کے مطابق زخمیوں میں ضلع دکی سے تعلق رکھنے والے شمشیر خان ولد جمشیر خان اور ارمان ولد افتخار نامی مقامی نوجوان شامل ہیں جنہیں ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب قلات میں پولیس اور ایف سی کے مشترکہ آپریشن کے دوران ایک مبینہ شخص ہلاک ہوگیا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد کی شناخت منصور احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو کالعدم تنظیم کا اہم رکن بتایا جاتا ہے،
کوئٹہ: پولیس کے مطابق مبینہ شخص رحیم آباد، قلات کے علاقے میں اہم تنصیبات کے قریب آئی ای ڈی نصب کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔پولیس اور ایف سی نے علاقے میں ملزم کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
کوئٹہ: پولیس گاڑیوں کو دیکھ کر مبینہ ملزم باغات میں چھپ گیا ، تعاقب کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں وہ مارا گیا۔
کوئٹہ: ہلاک ہونے والے مبینہ
ملزم کے قبضے سے ایک ڈیوائس، ایک پستول، دو دستی بم اور ایک موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔
علاوہ ازیں نوشکی کے علاقے احمد وال میں پھاٹک کے مقام پر گذشتہ روز پاکستانی فوج کے اہلکاروں کو لے جانے والے بسوں اور ان کو سیکورٹی فراہم کرنے والی فوجی گاڑیوں کو مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق فوجی اہلکاروں کو لیجانے والی ایک بس براہ راست حملے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
دریں اثناء آج نوشکی میں مَل کے مقام پر کوئٹہ – تفتان شاہراہ پر تین بڑی گاڑیوں کو مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنایا۔ علاقائی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے بوزر اور دیگر گاڑیوں کے ٹائروں پر فائر کرکے ان کو ناکارہ کردیا ہے۔
مزید برآں گذشتہ شب سبی میں لمجی کے مقام پر مرکزی شاہراہ کا کنٹرول سنبھال کر مسلح افراد نے متعدد بڑی گاڑیوں کو نشانہ بناکر نقصان پہنچایا جبکہ سبی ہی میں بجلی کی دو ٹاوروں کو بھی دھماکے میں نقصان پہنچا۔
حکام نے تاحال مذکورہ حملوں اور نقصانات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔
ادھرضلع ڈیرہ بگٹی میں سوئی رنگ روڈ پر مندر کالونی کے قریب نامعلوم مسلح افراد اور فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایف سی کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مندر کالونی کے قریب نامعلوم مسلح افراد اور ایف سی اہلکار آمنے سامنے آئے، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کے دو اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پاکستانی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا، تاہم فائرنگ میں ملوث مسلح افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تاحال کسی تنظیم نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ حکام کی جانب سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post