کوئٹہ ( بلوچستان ٹوڈے ) بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ اور اوتھل سے 2 افراد کی لاشیں برآمد۔
کوئٹہ پولیس کے مطابق پیر کو ہنہ کے علاقے کلی ردار سے پولیس تھانہ ہنہ نے ایک 15سے 16سالہ نوجوان کی نعش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچادی جو ناقابل شناخت ہوچکی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص نعش کو شناخت کرسکتا ہے تو پولیس تھانہ ہنہ سے رابطہ کرے۔
دوسری جانب اوتھل کے علاقے الیاس محلہ میں جھاڑیوں سے ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی اوتھل پولیس اور لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کی ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی۔
لاش کو ضروری کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل منتقل کر دیا گیا۔
برآمد ہونے والی نعش کی شناخت اختر علی کھوسہ سکنہ جمالی محلہ اوتھل کے نام سے ہواہے۔
پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاحال موت کی وجوہات معلوم نہ ہوسکی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی شخص نشے کا عادی بتایا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں کرنٹ لگنے سے واپڈا کا معاون ہلاک ہوگیا جبکہ گومازی سے ایک نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش ملی ہے۔
تربت کے شہر شہرک سے تعلق رکھنے والے واپڈا کے امور میں معاونت کرنے والے معروف مقامی کارکن کمال خان ولد دل مراد گزشتہ شب کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق کمال خان شہرک سے سامی تک کے علاقوں میں بجلی کے بلوں اور دیگر متعلقہ امور میں واپڈا کے ساتھ تعاون اور خدمات انجام دیتے تھے جس کے باعث وہ علاقے میں اچھی شہرت رکھتے تھے۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی جبےکہ اہل علاقہ اور سماجی حلقوں نے مرحوم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
تاہم کرنٹ لگنے کے واقعے کی وجوہات اور ذمہ داری کے تعین کے حوالے سے متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب تمپ کے گومازی کے علاقے سے ایک نامعلوم نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے لاش دیکھ کر انتظامیہ کو اطلاع دی، جس پر متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے۔
انتظامیہ نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا ہے تاکہ لواحقین پہنچ کر متوفی کی شناخت کر سکیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جبکہ واقعے کی وجوہات بھی معلوم نہیں ہو سکیں۔
متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پنجگور سے اطلاعات ہیں کہ پنجگور چیدگی روڈ باب دزک تسپ کے قریب نامعلوم گاڑی سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق پنجگور کے علاقے باب دزک تسپ کے قریب ہوٹل پر نامعلوم گاڑی سواروں کی فائرنگ سے نوشاد ولد جمیل احمد ہلاک ہوگیا جبکہ ایک راہ گیر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
دوسری جانب کوہلو کے علاقے گرسنی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان ہلاک اور دوسرازخمی ہوگیا۔
کوہلو کے علاقے گرسنی اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ۔
بارش کے دوران گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک شخص کی شناخت گل باز ولد محمد دین سومرانی مری کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت نجیب اللہ ولد شیر خان سومرانی مری کے نام سے ہوئی ہے ۔
زخمی اور نعش کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہلو منتقل کردیا گیا۔
