بولان ( نامہ نگار ) قومی شاہراہ پر لمجی کے مقام پر مسلح ڈاکوؤں نے مویشیوں کے بیوپاریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا۔ متاثرہ بیوپاری ڈیرہ مراد جمالی منڈی سے واپس آ رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے انہیں روک کر تقریباً دس لاکھ روپے نقدی چھین لی۔
واردات کے بعد ملزمان باآسانی موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ اطلاع ملنے کے باوجود پولیس بروقت کارروائی نہ کر سکی۔
واقعے کے خلاف مویشیوں کے بیوپاریوں نے قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر سڑک بند کر دی، جس کے باعث ٹریفک معطل اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
عوامی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحصیل بالاناڑی کی حدود میں روزانہ کی بنیاد پر مسلح ڈاکو مسافروں اور بیوپاریوں کو لوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں، جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہ پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔
