شال ( نامہ نگار )
نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے عظیم رہبر، طلبہ سیاست اور بلوچ قومی سیاست کے سرخیل شہید ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی برسی کے موقع پر جاری بیان میں ان کی طویل سیاسی جدوجہد اور بلند کردار و عمل کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی سیاسی جدوجہد تاریخ کا درجہ رکھتی ہے جو فکری اور نظریاتی بنیادوں پر استوار تھی۔ وہ اصول پسندی، جمہوری اقدار اور بلوچ وطن کے حقِ حاکمیت و حقوق کے حصول کی توانا آواز تھے۔ ان کی سیاسی زندگی ہر کارکن کے لیے ایک مکمل نصاب کی حیثیت رکھتی ہے، جس میں نظریاتی پختگی، کردار کی استقامت اور عملی تسلسل نمایاں نظر آتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ آج کے سیاسی کارکن اگر ان کی جدوجہد کا سنجیدگی سے مطالعہ کریں تو وہ فکری بلندی، تنظیمی نظم و ضبط اور عوامی وابستگی کے وہ اصول سیکھ سکتے ہیں جو ایک کامیاب اور جمہوری سیاسی سفر کے لیے ناگزیر ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے طلبہ سیاست سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور خطے میں طلبہ سیاست کو منظم شکل دی۔ وہ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے بانی چیئرمین رہے۔ کم عمری میں رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونا ان کی عوامی مقبولیت کا مظہر تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی سیاسی بصیرت اور دوراندیشی کو ان کے مخالفین بھی تسلیم کرتے تھے۔ انہوں نے اپنے سیاسی رفقا کے ساتھ مل کر سیاسی کارکنوں کو نیشنل پارٹی کی صورت میں ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کیا، جس کی بنیاد جمہوری اقدار اور نظریاتی وابستگی پر رکھی گئی۔
مرکزی ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی برسی سیاسی کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے، اور ان کی جدوجہد آئندہ نسلوں کو فکری و جمہوری سیاست کی سمت متعین کرتی رہے گی۔
