کیچ ( نامہ نگار ) ضلع کیچ کے مرکزی کاروباری علاقے دشتی بازار میں نامعلوم چوروں نے مین روڈ پر واقع دکانوں کے تالے توڑ کر چوری کی واردات انجام دی جس میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور نقدی لوٹ لی گئی۔ متاثرہ دکانوں میں الجمیل میڈیکل اسٹور سمیت دو دیگر دکانیں شامل ہیں۔
دکانداروں کے مطابق واردات انتہائی مصروف شاہراہ پر انجام دی گئی جہاں رات کے اوقات میں بھی آمد و رفت معمول کے مطابق رہتی ہے۔ اس کے باوجود چوروں کا دیدہ دلیری سے تالے توڑ کر قیمتی سامان اور نقدی لے جانا سیکیورٹی انتظامات اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
واقعے کے بعد عوامی حلقوں اور متاثرہ دکانوں کے مالکان نے تربت پولیس کے کردار پر کڑی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر کے سب سے مصروف اور حساس تجارتی علاقے میں اس نوعیت کی واردات کا ہونا پولیس گشت اور نگرانی کے نظام کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ دکانداروں نے الزام عائد کیا کہ اگر پولیس مؤثر گشت کر رہی ہوتی تو اس قدر بڑی چوری ممکن نہ تھی۔
متاثرین اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور ذمہ دار عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں نہ لایا گیا تو شہریوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد مزید مجروح ہوگا۔
پولیس کی جانب سے تاحال واقعے سے متعلق کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آ سکا، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ محض بیانات کے بجائے عملی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔
