لاہور(نامہ نگار) بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ ایک ٹویٹ کرنے پر ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو سترہ سترہ سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ ملک کو توڑنے اور لوٹنے والوں کو آج تک ایک دن کی سزا بھی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوہرا معیار انصاف کے پورے نظام پر سوالیہ نشان ہے سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ مہرنگ بلوچ جب اسلام آباد آئیں تو ان کی میزبانی سردی کے موسم میں ٹھنڈا پانی پھینک کر کی گئی، جو نہایت افسوسناک اور غیر انسانی عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والی زیادتیوں پر احتجاج کرنے کا حق بھی عوام سے چھینا جا رہا ہے، اور مظلوموں کی آواز کو دبانے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ جب ریاست خود ناانصافی کو فروغ دے تو عوام کا نظامِ انصاف سے اعتماد اٹھ جاتا ہے، اور یہی رویہ مسائل کو مزید گھمبیر بنا رہا ہے۔
