نصیر آباد(نامہ نگار)
خضدار مولہ سے تعمیراتی کمپنی کے 6افراد کو مسلح افراد نے اغوا کرلیا ،مزدور ورلڈ بینک کے واٹر مینجمنٹ کئ تعمیراتی کمپنی میں کام کررہے تھے۔
علاوہ ازیں نصیر آباد ربی کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈاکو جھکرانی پل کے مقام پر شہریوں سے ڈکیتی میں مصروف تھے کہ اسی دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
جوابی کارروائی میں ایک ملزم موقع پر ہلاک ہو گیا جس کی شناخت جاوید کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کا تعلق خطرناک ببلو شاہ گینگ سے تھا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فائرنگ کے دوران پولیس اہلکار سنہارا خان زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
