تربت (ویب ڈیسک) تربت یونیورسٹی،طلبہ کا کاروباری دنیا میں قدم،بزنس آئیڈیاز مقابلے میں شعبہ کامرس کے طلبہ کاجدت اور تخلیقی سوچ کا مظاہرہ ،منفرد برانڈز اور ایپس متعارف،طلبہ کاملازمت لینے کے بجائے روزگار پیدا کرنے کاعزم، مقامی سطح پر تیارکردہ زاران پرفیومزلانچ کے لیے تیار
تربت اپنی کاروباری صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور جدت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ کامرس کے طلبہ نے تعلیم کے دوران ہی مختلف کاروباری منصوبے شروع کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے، جن میں مقامی سطح پر تیار کردہ برانڈ زاران پرفیومز بھی شامل ہے جو اس وقت ٹیسٹنگ مرحلے میں ہے اور جلد ہی تربت سمیت ملک بھر میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔ ایسی سرگرمیاں طلبہ کی ان تخلیقی صلاحیت اورخودبزنس کرنے کی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں جو تربت یونیورسٹی اپنے طلبہ میں پیداکرناچاہتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں شعبہ کامرس کے زیراہتمام یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں بزنس آئیڈیاز مقابلہ منعقد کیاگیاجس میں بی ایس کامرس پروگرام کے مختلف سمسٹرز کے طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنے جدید کاروباری آئیڈیاز، برانڈز اور مصنوعات پیش کیں۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت اورفیکلٹی ممبران کے تعاون سے تربت یونیورسٹی طلبہ میں اپنا کاروبار شروع کرانے کی سوچ کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے تاکہ طلبہ ملازمت تلاش کرنے کے بجائے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے والے بن سکیں۔ گورنربلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں تربت یونیورسٹی طلبہ کو جدید مہارتوں اورمصنوعی ذہانت سمیت ڈیجیٹل اسکلز سے لیس کرنے کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ طلبہ کو بدلتے ہوئے دور کے تقاضوں کے مطابق ہم اہنگ کیاجاسکے۔
مقابلے میں پیش کیے گئے کاروباری منصوبوں میں ٹیم سرسبز پروڈکشن نے بلوچی زبان میں اینیمیٹڈ کارٹونز تیار کرنے کی تجویز پیش کی،ٹیم ڈرائیو بونے ایک ایسی ایپ متعارف کرائی جو ٹرانسپورٹیشن اور ڈلیوری کے اخراجات میں کمی لائے گی جبکہ ٹیم ٹریڈنگ نے تربت شہر کے ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو آپس میں منسلک کرنے کے لیے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم تجویز کیا۔ بی ایس آٹھویں سمسٹر کے طالب علم اور سرسبز پروڈکشن کے ٹیم لیڈر فیروز نے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ججز پینل میں شامل شعبہ کامرس کے چیئرمین ڈاکٹر مشتاق محمد بادینی اور فیکلٹی ممبران ڈاکٹر عبدالماجد ناصر،رحمت اللہ،ریاض احمد اور منیر احمد نے بزنس پلان کی افادیت، تخلیقی پہلو ،اسکی پائیداریت اور منڈی کی کپت کوبنیادبناکر ہربزنس پلان کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد بھی موجود تھے۔ اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر مشتاق محمد بادینی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، مقابلے کے شرکاء، ججز اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا جن کی معاونت سے یہ کامیاب مقابلہ منعقدکیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ میں خود روزگار اور بزنس کرنے کے رجحانات کو فروغ دینا تھا۔تقریب کی میزبانی کے فرائض بی ایس کامرس کے چھٹے سمسٹر کے طلبہ اجمیر احمد اور عبدالحکیم نے انجام دیے۔
