شال میں کرفیو کا سماں، شہر کی سڑکیں سنسان

 


شال ( نامہ نگار ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیاسی کشیدگی عروج پر پہنچ گئی۔
پی ٹی آئی کے مجوزہ جلسے کو روکنے کے لیے صوبائی حکومت نے شہر بھر میں متعدد شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا ہے ، اس صورتحال کے باعث شہر میں کرفیو کا سماں ہے جبکہ شہریوں کی معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ہے ۔سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن ذرائع ابلاغ کے ذریعے رابطہ ممکن نہیں رہا، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہر کی اہم شاہراہوں سریاب روڈ، جناح روڈ، علمدار روڈ، اسپنی روڈ اور ایم اے جناح روڈ پر جگہ جگہ کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں، جس کے باعث ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوچکا ہے دفاتر اور تعلیمی اداروں جانے والے شہری طویل راستوں میں پھنسے نظر آئے جبکہ بعض مقامات پر دکانیں اور کاروباری مراکز بھی بند دکھائی دیے۔
عینی شاہدین کے مطابق، پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی بھاری نفری مختلف داخلی و خارجی راستوں پر تعینات ہے ، جبکہ حکومت کا دعوی ہے کہ یہ اقدامات امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان بھر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کئی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ اور انٹرنیٹ سروس معطل ہیں ۔انٹرنیٹ معطلی کی وجہ سے معمولات زندگی میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل رابطے کے دیگر ذرائع بھی معطل ہو چکے ہیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post