دکی (ہینڈ آوٹ ) ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے اسسٹنٹ کمشنر لونی امام بخش اور رسالدار میجر لیویز فورس حاجی علی محمد شادوزئی کے ہمراہ لیویز تھانہ کے ناکے کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران ناکے پر موجود عملے کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ مشکوک گاڑیوں اور افراد کی تلاشی لی گئی۔ اس موقع پر شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال کے ساتھ گاڑیوں میں موجود سامان کی تفصیلی چیکنگ بھی کی گئی۔
کارروائی کے دوران متعدد گاڑیوں سے غیر قانونی طور پر منتقل کیا جانے والا سامان جن میں پائپ، سولر پینلز اور دیگر اشیاء شامل تھیں موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ سامان مبینہ طور پر پوست کی غیر قانونی کاشت میں استعمال کیا جا سکتا تھا۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بغیر این او سی کے کوئی بھی شخص بور، پائپ یا سولر پینل جیسا سامان نقل نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، سامان ضبط کیا جائے گا اور ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے جنگلات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بغیر اجازت درختوں کی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں اور لیویز فورس کو ہدایت کی کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مشترکہ کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ ضلع دکی میں امن و امان اور قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔