گوادر ( نامہ نگار ) گوادر کے شہری مقامی صحافی بشیر قاسم نے علاقے میں ایک ماہ سے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کے سامنے دھرنا دے دیا۔
ان کے مطابق ساحلی شہر گوادر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، گوادر کے علاقے شمبے اسماعیل وارڈ کے مکین گزشتہ 36 روز سے پانی کی فراہمی سے محروم ہیں۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پانی کے بحران کے حوالے سے متعلقہ حکام سے متعدد ملاقاتیں کیں، تاہم 36 روز گزرنے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، اس صورتحال پر شمبے اسماعیل وارڈ کے رہائشی بشیر قاسم نے آج پانی کی فراہمی تک تادمِ مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بشیر قاسم نے بتایا کہ ان کا علاقہ گزشتہ 36 دن سے پانی کے بحران کا شکار ہے اور اسی بنا پر انہوں نے جی ڈی اے کے دفتر کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کرکے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک شمبے اسماعیل وارڈ میں پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا جاتا احتجاج جاری رہے گا-