مستونگ ( نامہ نگار ) مستونگ بازار میں کوئٹہ روڈ پر واقع الائیڈ بینک میں چند نامعلوم مسلح افراد نے اچانک دھاوا بول دیا۔ مسلح ملزمان نے گن پوائنٹ پر بینک عملے کو یرغمال بنایا اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد بینک سے 15 لاکھ 60 ہزار روپے نقدی لے گئے۔
ڈکیتی کے بعد پولیس اور لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔ تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
علاقے کے تاجروں نے واقعے کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور مطالبہ کیا کہ شہریوں اور کاروباری مراکز کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔