ڈیرہ مراد جمالی ( بلوچستان ٹوڈے ) نصیر آباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں زیرِ تعمیر بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج کے تعمیراتی مقام سے نامعلوم مسلح افراد نے ایک مزدور کو اغواء کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب نوتال پولیس تھانہ کی حدود میں پیش آیا، جب تعمیراتی کام میں مصروف مزدور اختیار حسین کو مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر اغواء کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی نوتال پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے مغوی کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد از جلد مغوی کو بازیاب کرانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ادھر مقامی ذرائع کے مطابق زیرِ تعمیر میڈیکل کالج میں سیکورٹی انتظامات ناکافی ہیں، جس کے باعث مزدوروں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔